حیدرآباد۔یکم جنوری (اعتمادنیوز) کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے زیر اہتمام 11اور12ربیع الاول کی شب دارالسلام میں منعقد ہونے والے عظیم الشان جلسہ رحمتہ اللعالمین ؐ و کل ہند نعتیہ مشاعرہ کے وسیع انتظامات اور کاموں کے سلسلہ میں ارکان اسمبلی مسرس سید احمد پاشاہ قادری معتمدعمومی مجلس ‘ ممتاز احمد خان ‘ محمد وراثت رسول خان ‘ محمد معظم خان ‘ میئر جناب محمد ماجدحسین ‘ فلورلیڈر مجلس بلدی پارٹی جناب محمد نذیر الدین‘ کارپوریٹرس محمد مبین‘ ایم اے غفار بلدی ‘ برقی واٹر سپلائی
بورڈکے عہدیداروں کے ساتھ دورہ کرکے میدان کامعائنہ کیا۔ دارالسلام سے مالہ کنٹہ گوشہ محل‘ گھوڑے کی قبر پان منڈی‘ بھوئی گوڑہ درگاہ کمان اور یکمینار مسجد نامپلی تک سڑکوں کی مرمت‘ اسٹریٹ لائٹس ‘ ہائی ماسٹ کی درستگی اور جلسہ و مشاعرہ کے دن درالسلام کے اطرف صفائی‘ پاوڈر کے چھڑکاؤ کی متعلقہ بلدی‘ برقی‘ آبرسانی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ جلسہ اور مشاعرہ میں شمع محمدؐ ی کے پروانے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرتے ہیں اس کے پیش نظر گذشتہ سے زیادہ وسیع تر اور عظیم الشان انتظامات کئے جارہے ہیں۔